ایف ایس بی کی بروقت کارروائی: پیِرم ریجن میں ریلوے پل پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی فیڈرل سکیورٹی سروس (FSB) نے یوکرینی خفیہ اداروں کی جانب سے منصوبہ بندی کیے گئے ایک دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا۔
منصوبے کے تحت پیِرم ریجن میں ریلوے پل کو نشانہ بنایا جانا تھا، روسی سکیورٹی ادارے نے کارروائی کے دوران منصوبے میں ملوث ایک روسی شہری کو گرفتار کر لیا۔
ایف ایس بی کے مطابق گرفتار ملزم جس کی پیدائش 1972 میں ہوئی، کو شہر چوسووئے (Chusovoy) سے حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی بیانات کے مطابق ملزم نے 3 لاکھ 50 ہزار روبل مبینہ طور پر ’’سیف‘‘ اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔
اسے فون اور ٹیلیگرام کے ذریعے ایسے گروہ نے رابطہ کیا تھا جو خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔
فیڈرل سکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ ملزم کو دھوکے سے یہ باور کرایا گیا کہ اس کے پیسے واپس دلوانے کے لیے اسے تعاون کرنا ہوگا، جس کے تحت اس نے ہدایت کے مطابق ایک دیسی بم تیار کیا اور اسے ریلوے پل پر حملے کے لیے استعمال کرنا تھا۔
سکیورٹی اداروں نے دہشت گرد منصوبہ کو قبل از وقت روک کر حملے کو ناکام بنا دیا اور علاقے میں انفراسٹرکچر کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ایف ایس بی نے بتایا کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور حملے کے پیچھے موجود نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ روابط بھی تلاش کئے جا رہے ہیں۔