ماسکو میں برفباری نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ہرطرف برف کے ڈھیر

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں گزشتہ چار روز سے جاری شدید برفباری نے زندگی کے معمولات کو شدید متاثر کر دیا۔

روس کے محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں برف کی مجموعی موٹائی 40 سے 50 سینٹی میٹر تک ریکارڈ کی گئی، جو موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں میں سب سے زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صرف 24 گھنٹے کے دوران پڑنے والی برف کی مقدار جنوری کے اوسط ماہانہ معیار کے 40 فیصد سے زائد کے برابر رہی۔

شہر کے مضافات میں برف مزید زیادہ ریکارڈ کی گئی جبکہ کھلے علاقوں میں برفانی ڈھیر ایک میٹر کے قریب تک پہنچ گیا، شدید برفباری کے باعث ہوائی ٹریفک بھی متاثر ہوئی اور درجنوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ایئرپورٹس پر کلیئرنگ مشینوں اور عملے کو مسلسل آپریشن جاری رکھنا پڑا جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی سست اور بعض مقامات پر جام کی کیفیت دیکھنے میں آئی۔

بلدیاتی اداروں نے درجنوں برف صاف کرنے والی گاڑیاں اور ہزاروں اہلکار تعینات کیے ہیں جو مرکزی شاہراہوں، پلوں اور فٹ پاتھوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں، حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑیوں کو موسم کے مطابق تیار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

درجہ حرارت منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے کے باعث برفانی لیر جمنے اور سڑکوں کے پھسلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں، ہسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز نے سرد موسم اور پھسلن سے متعلق حادثات میں اضافہ رپورٹ کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بھی کڑی سردی برقرار رہنے اور وقفے وقفے سے مزید ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے، تاہم اس کے بعد موسم میں معمولی بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں