ہم اپنی سیاست اپنے حساب سے کرتے ہیں، کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم ان کے ٹائم ٹیبل پر چلیں لیکن ہم ان کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، ہم اپنی سیاست اپنے حساب سے کرتے ہیں، فاروق ستار کے کہنے پر نہیں کرتے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر ضرورت پڑی تو عدالتی کمیشن بنایا جائے گا، پیپلز پارٹی جینئن مینڈیٹ کے ساتھ آئی ہے، فاروق ستار کی طرح خیرات میں ملنے والے جعلی مینڈیٹ پر نہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ ہم عوام کے ووٹوں سے آئے ہیں، ان کے طریقے سے نہیں آئے، ان کے لیے پہلے بھی "ٹھپہ مافیا" کی اصطلاح مشہور تھی، فاروق ستار کو مقابلے کا شوق ہے، میں بھی استعفیٰ دیتا ہوں، وہ بھی دیں، پھر مقابلہ کریں، دیکھتے ہیں کون جیتتا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ جعلی مینڈیٹ والے ہیں، بیوقوفانہ باتیں فاروق ستار ہی کرتے ہیں، اگر انہیں اپنے لیے اسلام آباد سے پولیس منگوانی ہے تو منگوا لیں، کس نے منع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ مجاز ہیں ان کے پاس پولیس کی نفری موجود ہے، ان کے کہنے پر ایم کیو ایم کے ہر فرد کو سکیورٹی فراہم نہیں کریں گے، فاروق ستار الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہیں، کوئی سمجھداری کی بات نہیں کر رہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیا جائے، ایم کیو ایم ایک دن ایک بات اور دوسرے دن دوسری بات کرتی ہے۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ فارنزک لیب میں تیزی سے کام ہو رہا ہے، ہماری نیک نیتی تھی کہ ہم نے پنجاب سے فارنزک ماہرین کو بلایا۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر کی سربراہی میں اگر رپورٹ جامع ہوگی تو اسے دیکھا جائے گا، اگر کسی قسم کی کمی بیشی ہوئی تو عدالتی کمیشن بنایا جائے گا۔