خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، 24 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر فوری حرکت میں آتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فوجی دستوں نے مؤثر طریقے سے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور 14 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک اور انٹیلی جنس بنیاد پر کیا گیا، اس دوران ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں مزید 10 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں