محسن نقوی کی دبئی سمٹ میں شرکت، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
دبئی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کی جس میں دنیا بھر کے رہنماؤں اور بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی۔
سمٹ کے موقع پر محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زید النہیان اور روانڈا کے وزیر داخلہ ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران پاک۔ یو اے ای دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ باہمی مفادات کے شعبوں میں اشتراکِ کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ متحدہ عرب امارات کے جدید پولیسنگ نظام سے عملی استفادہ کے لیے ایکسچینج پروگرامز نہایت مفید ثابت ہو سکتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان آن لائن دہشت گردی اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسی دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی روانڈا کے وزیر داخلہ ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے داخلہ نے اشتراکِ کار کو فروغ دینے اور وزارت داخلہ کے مابین کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
اس موقع پر روانڈا کے وزیر داخلہ ڈاکٹر ونسنٹ بیروٹا نے کہا کہ روانڈا پاکستان کے اداروں کے ساتھ اشتراکِ کار بڑھانے کا خواہاں ہے جبکہ چیئرمین اے سی سی محسن نقوی نے اے سی سی کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا اور ادارے کے امور سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔