یو اے ای سٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے رپورٹنگ سروس کا آغاز
دبئی:(سید مدثر خوشنود) یو اے ای سٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے عوام کے لیے ایک نئی سکیورٹی رپورٹنگ سروس کا باضابطہ آغاز کیا ہے، جس کا مقصد سکیورٹی خطرات، مشکوک سرگرمیوں اور عوامی تحفظ سے متعلق معلومات کو تیز، آسان اور مؤثر طریقے سے رپورٹ کرنا ہے۔
نئی سروس کے تحت شہری اور رہائشی کسی بھی مشکوک واقعے، سائبر خطرے یا عوامی سکیورٹی سے متعلق معلومات کو براہِ راست متعلقہ ادارے تک پہنچا سکیں گے، جس سے بروقت کارروائی اور حفاظتی اقدامات ممکن ہوں گے۔ اس شفاف اور مربوط نظام سے عوامی شمولیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور سکیورٹی کے اداروں کو بھی فوری اطلاعات تک رسائی حاصل ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ سہولت یو اے ای کی سکیورٹی فریم ورک کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی تعاون کے ذریعہ محفوظ معاشرہ تشکیل دینے کا ایک اہم قدم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کی بروقت اطلاعات اور رپورٹنگ سے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ ممکنہ خطرات کا تدارک بھی آسان ہوگا۔
یو اے ای حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی رپورٹنگ سروس کا فعال حصہ بنیں، تاکہ متحدہ عرب امارات ایک محفوظ، مطمئن اور پرامن معاشرہ بنا رہے۔