پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست دائر

لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کے نئے طوفان کا باعث بنے گا، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کے مطابق شفاف انداز میں نہیں کیا جاتا جس کے باعث عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ سمیت ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لٹر ہوگئی تھی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے 32 پیسے اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے ہوگئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں