برطانیہ: مسجد میں نماز تراویح کے دوران کلہاڑی لیے داخل ہونے والا شخص گرفتار
مانچسٹر: (دنیا نیوز) برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی مسجد میں نماز تراویح کے دوران چاقو اور کلہاڑی لے کر داخل ہونے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے 40 سال کے شخص کو ہتھیار اور منشیات رکھنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے واقعے کو دہشت گردی قرار نہیں دیا گیا، ملزم کے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔
مانچسٹر سے رکن اسمبلی افضل خان نے کہا ہے کہ یہ سیدھا سیدھا اسلاموفوبیا ہے، مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے جیکٹ پہنے سفید فام شخص بیگ اٹھائے اس وقت مسجد میں داخل ہوا جب تراویح کی نماز ادا کی جا رہی تھی، مشتبہ شخص کے ہمراہ سیاہ فام آدمی بھی تھا۔
مسجد کے رضاکاروں کو بیگ کے اندر کلہاڑی دکھائی دی جس پر وہ اسے علیحدہ کمرے میں لے گئے، انتظامیہ کے مطابق بیگ سے چاقو اور ہتھوڑے سمیت دیگر ہتھیار بھی برآمد ہوئے، مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آرہی کہ پولیس واقعے کو دہشت گردی کیوں نہیں قرار دے رہی۔
ایکس پر جاری پیغام میں برطانوی وزیر کیئر سٹارمر نے کہا کہ واقعے سے متعلق سن کر انہیں تشویش ہوئی، رمضان المبارک کے دوران ایسا واقعہ پیش آنا مسلم آبادی کیلئے پریشانی کا باعث ہو گا۔