امن کے پیغام پر تنقید: نورا فتحیٰ کا ناقدین کو دو ٹوک جواب
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و رقاصہ نورا فتحیٰ نے امن کے پیغام پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا۔
34 سالہ کینیڈین نژاد اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایران پر امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن اور اتحاد کا پیغام دیا تھا، تاہم بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مسلمانوں کی حمایت پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اب نورا فتحیٰ نے انسٹاگرام پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے ناقدین کو مخاطب کیا، ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے سننے اور سمجھنے کی صلاحیت کھو دی ہے، جبکہ تنقیدی سوچ وہ چیز ہے جو ہم سب نے سکول میں سیکھی ہوتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا امن اور اتحاد کا پیغام دنیا کے ہر فرد کے لیے ہے، چاہے وہ کسی بھی ملک یا مذہب سے تعلق رکھتا ہو، اگر امن کی اپیل آپ کو مشتعل کرتی ہے تو آپ کو اپنے احتساب کی ضرورت ہے، ہر ملک اور ہر انسان اس دنیا کا حصہ ہے، افراتفری کے خلاف بات کرنا آپ کو دشمن نہیں بناتا۔
روزے کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں امن کی بات کرنے پر لوگ ناراض ہو جاتے ہیں، جو کہ ایک خوفناک رجحان ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں نورا نے لکھا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور اگر عالمی امن اور اتحاد کسی کو اشتعال دلاتا ہے تو اسے مدد حاصل کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ اپنے سابقہ بیان میں بھی نورا فتحیٰ نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلسل افسوسناک خبریں اور مناظر انہیں جذباتی طور پر متاثر کر رہے ہیں۔