پٹرولیم لیوی ٹیکس عوام پر ظلم ہے، عدالت سے رجوع کریں گے: حافظ نعیم

کراچی: (دنیا نیوز) حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی ٹیکس کے معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا کیونکہ یہ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عوام ایک لیٹر پٹرول پر تقریباً سوا سو روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، جبکہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں صرف 12 روپے کمی کی جو افسوسناک ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت ڈھائی سو روپے فی لیٹر تک لائی جائے اور لیوی ٹیکس ختم کیا جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور ملک کو فائدہ پہنچے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کھرب پتی طبقہ ٹیکس بچا رہا ہے جبکہ موٹرسائیکل چلانے والا عام شہری ٹیکس ادا کر رہا ہے، حکومت پٹرولیم لیوی سے 500 سے 600 ارب روپے تک آمدن حاصل کر رہی ہے، جسے ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایران امریکا مذاکرات خوش آئند ہیں اور پاکستان نے اس عمل میں مثبت کردار ادا کیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق فریقین معاہدے کے قریب تھے لیکن اچانک پیش رفت رک گئی، اور عالمی طاقتوں کے اثرات کی وجہ سے صورتحال متاثر ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں