ماسکو میں جدید الیکٹرک دریائی ٹرانسپورٹ کا نظام تیزی سے ترقی کرنے لگا

ماسکو(شاہد گھمن سے) روسی دارالحکومت ماسکو میں جدید شہری الیکٹرک دریائی ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے، جہاں نہ صرف کشتیوں کی دیکھ بھال کے لیے جدید تکنیکی انفراسٹرکچر قائم کیا جا رہا ہے بلکہ دریائی ٹریفک کی نگرانی اور آپریشنل کنٹرول کے مؤثر نظام کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو مستحکم اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

ماسکو کی شپ یارڈ میں نئی نسل کی الیکٹرک کشتیوں ’ماسکو 1.0‘ کی سروس اور تکنیکی دیکھ بھال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، یہ جدید الیکٹرک کشتیاں دارالحکومت کے باقاعدہ دریائی روٹس پر چل رہی ہیں اور ماحول دوست شہری ٹرانسپورٹ کے فروغ کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔

ماہرین کشتیوں کا باقاعدہ تکنیکی معائنہ کر رہے ہیں، جس میں ان کے پروپلشن اور اسٹیئرنگ نظام کی جانچ بھی شامل ہے جو کشتیوں کی رفتار اور سمت کو کنٹرول کرتے ہیں۔ ماسکو شپ یارڈ کو جدید ہائی ٹیک آلات سے لیس کیا گیا ہے، جن کی مدد سے کشتیوں کو پانی سے نکال کر ان کی مکمل جانچ، مرمت اور ضروری کام انجام دیے جاتے ہیں اور پھر کم سے کم وقت میں دوبارہ سروس میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ مقامی سطح پر سروسنگ کی سہولت سے تکنیکی دیکھ بھال کا عمل تیز ہو گیا ہے جبکہ آپریشن کے اعلیٰ معیار کو بھی برقرار رکھا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ دریائی الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے آپریشن کی نگرانی کے لیے ایک جامع نظام بھی قائم کیا گیا ہے، کمپنی وودوخود۔پیسنجر پورٹ کے ڈسپیچر چوبیس گھنٹے کشتیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہیں، ہفتے کے دنوں میں چھ ماہرین اس فلیٹ کی نگرانی کرتے ہیں، ان میں سے تین ڈسپیچر پہلے روٹ پر چلنے والی تیرہ کشتیوں کی نگرانی کرتے ہیں جبکہ مزید تین ماہرین دوسرے اور تیسرے روٹس پر چلنے والی اٹھارہ کشتیوں کے آپریشن کو مربوط کرتے ہیں۔

مزید نگرانی کے لیے ماسکو کے ٹریفک مینجمنٹ سینٹر کا دریائی صورتحال مرکز بھی سرگرم ہے، جو تقریباً پانچ سو کیمروں کے ذریعے ماسکو دریا کی چوبیس گھنٹے نگرانی کرتا ہے، یہ مرکز کشتیوں کی گھاٹوں تک آمد و رفت کو منظم کرتا ہے، شیڈول ترتیب دیتا ہے اور پانی کی صورتحال کو حقیقی وقت میں مانیٹر کرتا ہے۔

باقاعدہ دریائی روٹس کے 23 گھاٹوں پر مسافروں کی سہولت کے لیے سروس عملہ بھی موجود رہتا ہے، جو سوار ہونے اور اترنے میں مدد دیتا ہے، راستوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے، کرایہ ادا کرنے کے طریقے سمجھاتا ہے اور دیگر ٹرانسپورٹ سے منتقلی کے بارے میں رہنمائی کرتا ہے۔

سن 2023 میں باقاعدہ دریائی روٹس کے آغاز کے بعد سے یہ نظام انتہائی مستحکم ثابت ہوا ہے۔ ڈسپیچرز نے اب تک تقریباً 270 غیر معمولی صورتحال کو کامیابی سے سنبھالا جبکہ کشتیوں کی آمد و رفت شیڈول کے مطابق جاری رہی، اسی دوران مسافروں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور نظام کے آغاز سے اب تک 32 لاکھ سے زیادہ سفر کیے جا چکے ہیں۔

ماسکو کے نائب میئر برائے ٹرانسپورٹ و صنعت میکسم لیکسوتوف کے مطابق ڈسپیچرز مسلسل کشتیوں کی نقل و حرکت اور ماسکو دریا کی صورتحال کی نگرانی کرتے ہیں، جس کے باعث نظام مستحکم انداز میں چل رہا ہے اور شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاح بھی اس جدید ٹرانسپورٹ کو زیادہ ترجیح دینے لگے ہیں۔

اس وقت ماسکو کے باقاعدہ الیکٹرک دریائی ٹرانسپورٹ نظام میں تین روٹس شامل ہیں جن پر 31 جدید الیکٹرک کشتیاں خدمات انجام دے رہی ہیں، جدید جہاز سازی کے انفراسٹرکچر، مسلسل نگرانی اور بڑھتی ہوئی مسافر طلب کے امتزاج نے ماسکو کو ماحول دوست آبی ٹرانسپورٹ کے ایک بڑے اور مؤثر نظام کی تشکیل کی جانب گامزن کر دیا ہے، جو پائیدار شہری نقل و حرکت کے عالمی رجحان میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں