جزیرہ یاس پر خودکار ٹیکسیوں کی آمد، شہریوں کے لیے سفر کے نئے اور محفوظ تجربے کی امید
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) خطے میں کشیدگی صورتحال ایک طرف ابوظہبی برائے نقل و حمل کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ جزیرہ یاس میں لیول چار خودکار بغیر ڈرائیورز ٹیکسی سروس کے کمرشل آپریشن کو مزید وسعت دے دی گئی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہری نقل و حرکت کے نظام کو بہتر بنانا اور مستقبل کے اسمارٹ ٹرانسپورٹ ماڈل کو فروغ دینا ہے۔
حکام کے مطابق سروس کی توسیع کے مرحلے میں نئے آپریٹرز اور شراکت داروں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ خودکار ٹیکسی نیٹ ورک کو زیادہ مؤثر اور وسیع بنایا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ سروس کے دوران حفاظتی معیار، ٹریفک قوانین اور تکنیکی نگرانی کے نظام کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
ادارے کے مطابق خودکار ٹیکسی منصوبہ ابوظہبی کی اس وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے تحت جدید نقل و حمل کے حل متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ آپریشن کے دوران کارکردگی، حفاظت اور سروس کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ منصوبے کے اگلے مراحل میں سروس کے جغرافیائی دائرہ کار کو مزید بڑھانے اور اضافی ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ لیا جائے گا۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں اور شہری نقل و حرکت کے نظام کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔