سرفراز احمد کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6,164 رنز بنائے جبکہ وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے 315 کیچز اور 56 سٹمپنگز کیں۔
علاوہ ازیں سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی، سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی جبکہ ان کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچا۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتےہیں امم کی کرکردگی کی بنیاد پر حکومتِ پاکستان نے سرفراز احمد کو 2018 میں پرائڈ اف پرفارمنس سے نوازا۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
انہوں نے کہا ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلِ خانہ اور مداحوں کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہوں، پاکستان کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا میرے لیے خواب کی تعبیر تھا، میں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا میرے لیے باعثِ فخر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ یاد رہے گی جبکہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتا رہوں گا