سرگودھا: احساس کفالت پروگرام میں مبینہ فراڈ پر3 ملزمان گرفتار
سرگودھا:(دنیا نیوز) ایف آئی اے کا احساس کفالت پروگرام میں مبینہ فراڈ پر چھاپے کے دوران تین ملزم گرفتار کرلیے گئے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ٹیم نے کارروائی کے دوران ملزمان ولی محمد، ارسلان احمد اور ثناء اللہ ارشد کو اُس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا جب وہ خواتین کی بائیو میٹرک تصدیق کی آڑ میں مبینہ طور پر امدادی رقوم خرد برد کر رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزمان سے بینک کنیکٹ ڈیوائس، 200 سے زائد خواتین کے شناختی کارڈ برآمد اور ایسے 45 خواتین کے شناختی کارڈ بھی ملے جن کی بائیو میٹرک ہونا باقی تھی، جب کہ رجسٹر اور موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
علاوہ ازیں ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ زیرِ حراست ملزمان سے خاتون کے 14 ہزار 500 روپے ہڑپ کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔