آپ بھائی ہیں، ہمارا آپ سے کوئی تنازع نہیں، ایرانی صدر کا ہمسایہ ممالک کے نام پیغام
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلامی اور ہمسایہ ممالک کے نام پیغام میں کہا ہے کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، ہمارا آپ سے کسی قسم کا کوئی تنازع نہیں۔
ایرانی صدر نے عید کے موقع پر اسلامی ممالک اور ہمسایوں کے نام پیغام میں کہا کہ ہمارے درمیان اختلافات سے صرف صیہونی ریاست ہی فائدہ اٹھا رہی ہے، ہم عید الفطر کے موقع پر اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں طاقت اور اتحاد عطا فرمائے تاکہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کر کے اللہ کی رضا حاصل کر سکیں۔
اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ یہ ہماری جنگ نہیں، یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے، ہم دفاعِی اقدامات کر رہے ہیں، جب تک ضروری ہوگا ہم اپنی حفاظت جاری رکھیں گے۔
عباس عراقچی کا جاپانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا لگتا نہیں کہ امریکا اپنی جارحیت ختم کرنے کیلئے تیا رہے، امریکا، اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے صرف جنگ بندی کافی نہیں ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا ہم امریکا سے مذاکرات کر رہے تھے جب امریکا اور اسرائیل نے ہم پرحملہ کیا، امریکی و اسرائیلی اقدام غیر قانونی، بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کا عمل تھا، ہم دفاعِی اقدامات کر رہےہیں، جب تک ضروری ہوگا ہم اپنی حفاظت جاری رکھیں گے۔