قیادت ختم ہو چکی، ایران اب معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن میں ایسا نہیں چاہتا: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کا خواہاں نہیں ہوں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ میں اپنے مقررہ شیڈول سے کئی ہفتے آگے ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی قیادت ختم ہو چکی ہے، بحری اور فضائی قوت تباہ ہو گئی ہے اور ملک کے پاس کوئی مؤثر دفاع باقی نہیں رہا، ایران اب معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن میں ایسا نہیں چاہتا۔
ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران 48 گھنٹوں میں آبنائے ہرمز کھول دے، ایران نے اگر مقررہ وقت میں آبنائے ہرمز کو نہ کھولا تو امریکا ایران کے مختلف پاور پلانٹس کو نشانہ بنائے گا اور سب سے بڑے پلانٹ سے آغاز کرتے ہوئے اسے تباہ کر دے گا، یہ کارروائی ایران کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں کے جواب میں ہوگی۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد مذاکرات سے متعلق کسی بھی پیشکش کو مسترد کیا ہے، اگرچہ اس سے قبل دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کے اشارے موجود رہے تھے۔