خارگ جزیرے کیخلاف فوجی کارروائی پر ناقابل یقین نقصان اٹھانا پڑے گا، ایرانی فوج
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا خارگ جزیرے کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی پر عمل کرتا ہے تو اسے ناقابل یقین نقصان اٹھانا پڑے گا۔
پاسداران انقلاب سے منسلک خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کے پاس ایک آپشن یہ ہے کہ وہ بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب کو غیر مستحکم کر دے۔
آبنائے باب المندب کو گیٹ آف ٹئیرز بھی کہا جاتا ہے، یہ تقریباً 20 میل چوڑا سمندری راستہ ہے جو جزیرہ نما عرب میں یمن اور افریقی ساحل پر جبوتی اور اریٹیریا کے درمیان واقع ہے، یہ راستہ نہرِ سویز تک جاتا ہے۔
فوجی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز اور ایران کی تیل کی تنصیبات کے حوالے سے امریکا مخمصے کا شکار ہے، اگر امریکی خارگ جزیرے پر حملہ کرتے ہیں تو تیل کی پیداوار عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
ایرانی فوجی ذرائع کے مطابق ایران خطے کی تمام تنصیبات کو آگ لگا دے گا اور امریکا کو ایسے نقصانات اٹھانے پڑیں گے جو دوسری عالمی جنگ کے بعد نہیں دیکھے گئے۔