نگہبان رمضان پیکیج نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا، وزیر اعلیٰ کا اظہارِ تشکر

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران عوامی خدمت کے اہداف مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پیغام میں اظہارِ تشکر کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج 2026 کے تحت عوامی خدمت کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا گیا اور خوشی کے لمحات میں کسی کو تنہا نہ چھوڑنے کا عہد پورا ہوا، جس پر وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ عوام کو عزت و احترام کے ساتھ براہ راست ان کی دہلیز پر امدادی رقوم پہنچانے کا ہدف کامیابی سے مکمل کیا گیا، ساڑھے 4 لاکھ خاندانوں، یعنی تقریباً اڑھائی کروڑ افراد کو اس پیکیج کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی گئی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ "مریم کو بتائیں" پروگرام کے تحت 45 ہزار خاندانوں کو 10 ہزار روپے دیے گئے، جبکہ صوبے بھر میں 40 لاکھ روزہ داروں نے 422 نگہبان دسترخوانوں پر افطار کیا۔

علاوہ ازیں، انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان کے دوران پرائس کنٹرول کے لیے صوبہ گیر مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مثالی کنٹرول دیکھنے میں آیا، اسی طرح 75 رمضان بازاروں میں روزانہ ساڑھے 5 لاکھ سے زائد شہریوں نے خریداری کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ منیارٹی کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد روپے دیے گئے، جو بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک اہم مثال ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں