چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے جہاز ’’داچھنگ‘‘ کی پاکستان آمد

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے جہاز ’’داچھنگ‘‘ کی پاکستان آمد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی بحری جہاز دوطرفہ مشق سی گارڈین کے چوتھے مرحلے میں شرکت کیلئے پہنچا، پاک بحریہ کے حکام نے چینی جہاز کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سی گارڈین مشق 25 مارچ سے 2 اپریل 2026 تک جاری رہے گی، پی ایل اے نیوی کے جہاز کو رسمی استقبالیہ دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہازوں نے روایتی انداز میں جہاز کو بندرگاہ تک پہنچایا، مشق سی گارڈین کا مقصد دونوں دوست بحری افواج کے درمیان مہارت کے تبادلے اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مشق میں بندرگاہ اور سمندر میں ہونے والی مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی، ماہرین کے سیشنز، نوجوان افسران کا عصری موضوعات پر سیمینار بھی شیڈول کا حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گنری فائرنگ، مشترکہ گشت اور بحری سلامتی کی دیگر کارروائیاں بھی شیڈول ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سی گارڈین مشقوں کا سلسلہ دوطرفہ مضبوط تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق دونوں ممالک کے سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گی، مشق خطے میں ایک مستحکم سمندری ماحول کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں