نئے بیرونی قرضوں میں گزشتہ مالی سال کی نسبت 18 فیصد سے زائد اضافہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کو ملنے والے نئے بیرونی قرضوں میں گزشتہ مالی سال کی نسبت 18 فیصد سے زائد اضافہ ہو گیا۔

دستاویز کے مطابق پاکستان کو جولائی سے فروری کے دوران 5.86 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی، 5.76 ارب ڈالر کے نئے قرضے، 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی نسبت قرضوں میں 91 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کی ایک ارب ڈالر قسط ملا کر حجم بڑھ کر 6.76 ارب ڈالرہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال حکومت نے یومیہ بنیاد پر تقریبا 7.86 ارب روپے کا نیا قرضہ حاصل کیا، پاکستانی کرنسی میں نئے قرضوں کی مالیت 1904 ارب روپے سے زائد ہے۔

دستاویز کے مطابق سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر، چین نے ایک ارب ڈالر کا قرض رول اووربھی کیا ہے، پہلے آٹھ ماہ میں مختلف عالمی مالیاتی اداروں نے 2.37 ارب ڈالر فراہم کیے۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں بھی 1.76 ارب ڈالر کا قرضہ لیا گیا، عالمی بینک 72 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، اے ڈی بی سے 66 کروڑ ڈالر ملے۔

دستاویز کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک نے مختصر مدت کیلئے 48 کروڑ ڈالر سے زائد قرض دیا، مختلف دوست ممالک نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد قرض دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں