امریکا ایران مذاکرات میں درمیانی راستہ اختیار نہ کیا تو جنگ میں مزید شدت آسکتی ہے: دانیا تھالر
نیویارک: (دنیا نیوز) گلف انٹرنیشنل فورم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر دانیا تھالر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران مذاکرات کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ درمیانی راستہ اختیار نہیں کرتا تو جنگ میں مزید شدت آ سکتی ہے۔
الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ خطے میں امریکی افواج کی تعیناتی کو ایران کے ساتھ مذاکرات پر دباؤ ڈالنے کے ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
دانیا تھالر کے مطابق اگر ایران کسی حد تک مذاکرات پر آمادہ نہیں ہوتا یا ٹرمپ کو اس تنازع سے نکلنے کا کوئی راستہ فراہم نہیں کرتا تو خطے میں مزید فوجی تعیناتی کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہونے کا قوی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ممکنہ طور پر اس لیے لڑائی جاری رکھنا چاہتا ہے کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ ابھی تک اس نے ایسی دفاعی برتری قائم نہیں کی جو مستقبل میں حملوں کو روک سکے، ایران خود کو اس جنگ میں برتر سمجھ رہا ہے کیونکہ وہ عالمی معیشت کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دانیا تھالر کا کہنا ہے کہ یہ تنازع اس وقت تک ختم ہوتا نظر نہیں آتا جب تک آبنائے ہرمز کے مسئلے کا کوئی حل نہیں نکلتا کیونکہ خطے میں امریکا کے بنیادی قومی سلامتی کے مفادات میں سمندری راستوں اور توانائی کے ذرائع کا تحفظ شامل ہے۔