سپیکر قومی اسمبلی کی فضل الرحمان سے ملاقات، سیاسی ہم آہنگی کے فروغ پر گفتگو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد ہوئی۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم و تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں خطے کی صورتحال، پارلیمنٹ کے مؤثر کردار کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان قومی یکجہتی، جمہوری استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشاورت اور باہمی تعاون ناگزیر ہے، سیاسی قیادت کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے اور قومی مفاد میں مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) March 31, 2026
سپیکر نے قومی یکجہتی کو قائم کرنے کیلئے پارلیمان میں موجود جماعتوں کو اپنا فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران- اسرائیل جنگ میں پاکستان اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے سپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی کردار کو سراہا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل۔ایران جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں فیصلوں کیلئے پارلیمان کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔