ملکی معیشت محتاط طور پر مثبت قرار، وزارت خزانہ کی ماہانہ آوٹ لک رپورٹ جاری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی جنگ کی وجہ سے مہنگائی میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے، رواں ماہ مہنگائی 7.5 سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان عالمی تیل قیمتوں میں اضافہ صنعتی لاگت بڑھا سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تیل مہنگا ہونے سے درآمدی بل بڑھنے کا خدشہ ہے، عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود معیشت مستحکم رہنے کی امید ہے جب کہ پاکستان کی معیشت کا قریبی منظرنامہ محتاط طور پر مثبت قرار دیا گیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے میں بہتری کے آثار ظاہر ہونا شروع ہوگئے، ٹیکسٹائل مشینری اور تعمیراتی اشیاء کی درآمد میں اضافہ ریکارڈ ہوا، حکومت کی جانب سے پٹرولیم ذخائر برقرار رکھنے کے اقدامات جاری ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ توانائی کی طلب پر قابو اور اخراجات میں کمی پر توجہ ہے، عید کے باعث بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافہ متوقع ہے، آئی ٹی برآمدات میں بہتری سے زر مبادلہ میں اضافہ ہو رہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رہنے کی توقع ہے۔

اِسی طرح مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ ہوا، جولائی تا فروری ترسیلات زر کا حجم 8.12 ارب ڈالر رہا، اِس دوران پاکستانی برآمدات میں 5.4 فیصد کمی آئی، جولائی تا فروری ملکی برآمدات کا حجم 20.7 ارب ڈالر رپورٹ ہوا۔

وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ آٹھ ماہ میں درآمدات 8.8 فیصد کمی سے 41.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جولائی تا فروری کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہو کر 70 کروڑ ڈالر پر آگیا، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 33 فیصد کمی سے 1.19 ارب ڈالر ریکارڈ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کا حجم صرف 70 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا، آٹھ ماہ میں ٹیکس ریونیو گزشتہ سال کے مقابلے 10.6 فیصد بڑھ گیا، جولائی تا فروری ٹیکس وصولی کا حجم 8 ہزار 122 ارب روپے رہا۔

وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ اس دوران نان ٹیکس ریونیو 7.4 فیصد اضافے سے 4 ہزار 41 ارب روپے، جولائی تا فروری مالی خسارہ 64.7 ارب روپے رہا، اس دوران پرائمری بیلنس 4 ہزار 151 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، سات ماہ میں زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔

علاوہ ازیں جولائی تا جنوری زرعی قرضوں کا حجم ایک ہزار 649 ارب روپے رہا، اِس دوران نجی شعبے کو بینکوں نے 887 ارب روپے قرضہ فراہم کیا، جولائی تا جنوری بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.75 فیصد بہتری آئی۔

مزید برآں رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 24.6 فیصد تک اضافہ، ایک لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرگئی اور سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 16.4 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں