کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کیلئے بلوچستان حکومت کے سخت فیصلے

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس منقعد ہوا، جس میں کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے لیے حکومت بلوچستان نے سخت فیصلے کیے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی فوری واپسی لی جائے گی، سابق گورنرز، وزراء اعلیٰ، وزراء ، اراکین اسمبلی ، افسران اور غیر متعلقہ اہلکاروں سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری گاڑیوں کا آڈٹ ہوگا، ایندھن صرف تصدیق شدہ گاڑیوں کو جاری کیا جائے گا، اس کے علاوہ 2005 سے پرانی سرکاری گاڑیوں کی مرحلہ وار نیلامی اور گاڑیوں کی ریشنلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، سرکاری امور کے لیے دفتری اوقات کار کے بعد گاڑی کا استعمال صرف مجاز اتھارٹی کی اجازت سے مشروط کیا گیا ہے۔

مزید برآں، تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب، بیرون صوبہ لے جانے پر پابندی اور نقل و حرکت کی سخت مانیٹرنگ ہوگی، جبکہ اندرون شہر سرکاری گاڑیوں کی نقل و حرکت سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر ہوگی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے خلاف ضابطہ اور غیر ضروری استعمال پر بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں