حکومت کا مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی اصلاحات پر فوکس ہے: وزیر خزانہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی اصلاحات پر فوکس برقرار ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں عالمی سرمایہ کاروں سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورچوئل ملاقات کی، 250 سے زائد عالمی سرمایہ کاروں کی ورچوئل سیشن میں شرکت کی جس میں پاکستان کا معاشی استحکام اور اصلاحاتی ایجنڈا جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اہم اہداف کامیابی سے حاصل ہوئی، حکومت کا مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی اصلاحات پر فوکس برقرار ہے، یورو بانڈ ادائیگی بروقت، عالمی مالیاتی ساکھ مستحکم ہونے کا اشارہ ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کمزور طبقات کیلئے ڈیجیٹل سبسڈیز کا نظام مؤثر کیا گیا، ٹیکس نظام میں بہتری اور ریونیو بڑھانا حکومتی ترجیح ہے، توانائی، ٹیکس اور سرکاری اداروں میں بڑے اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا پاکستان کو علاقائی لاجسٹکس اور ٹرانزٹ حب بنانے کا عزم ہے، گوادر بندرگاہ پر بڑھتی سرگرمیاں، سرمایہ کاری کے نئے مواقع موجود ہیں، زراعت، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں پرکشش مواقع موجود ہیں، پانڈا بانڈز کے اجرا پر غور کیا جارہا ہے، فنڈنگ ذرائع متنوع بنانے کی کوشش جاری ہے، یورو بانڈ اور سکوک کے اجرا کیلئے مارکیٹ صورتحال کا جائزہ لے رہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل فنانس اور ورچوئل اثاثوں کیلئے ریگولیٹری فریم ورک پر کام جاری ہے، سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد، مثبت اشاریوں کا اعتراف ہے، اصلاحات اور پالیسی کا تسلسل سرمایہ کاری کیلئے ضروری ہے۔

 علاوہ ازیں اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور عالمی سرمایہ کاروں کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں