ایم 12 موٹروے منصوبہ، پاکستان میں رابطہ سازی کا ایک اور سنگِ میل قرار
لاہور: (دنیا نیوز) ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ایم 12 موٹروے منصوبہ، پاکستان میں رابطہ سازی کا ایک اور سنگِ میل بن گیا۔
پاکستان کے مواصلاتی شعبہ کی ترقی میں ایس آئی ایف سی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، ایس آئی ایف سی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (PPPA) اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اشتراک سے ایم12 منصوبے کا آغاز ہوا۔
ایم 12 موٹروے منصوبہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کے اختتامی مقام سمبڑیال کو کھاریاں سے مؤثر اور براہِ راست طور پر منسلک کرے گا، 6 لین پر مشتمل یہ موٹروے علاقائی روابط کو مضبوط بناتے ہوئے سفر کو تیز، محفوظ اور سہل بنائے گا۔
یہ منصوبہ علاقائی تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، ایم 12 موٹروے، شمال، جنوب موٹروے نیٹ ورک کا اہم حصہ بن کر قومی رابطہ کاری کو مزید وسعت دے گا۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے ملک بھر میں جدید انفراسٹرکچر اور رابطہ سازی کو فروغ مل رہا ہے۔