اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات 14 گھنٹے بعد مکمل، ایران کا بات چیت جاری رکھنے کا اعلان: ایرانی حکومت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات 14 گھنٹے بعد مکمل ہو گئے ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ہوئے، ایرانی اور امریکی مذاکراتی وفود کے درمیان بالمشافہ بات چیت کے ایک اور دور کے بعد تکنیکی ماہرین کی ٹیموں نے تحریری مسودوں کا تبادلہ کیا۔
ایرانی حکومت نے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا کہ مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے، اور مذاکرات میں جو اختلافات رہ گئے ہیں ان کے باوجود بات چیت کا عمل جاری رہے گا، ایرانی میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ اور چند دیگر امور بدستور شدید اختلاف کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد مذاکرات میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے تاہم ماہرین اور تکنیکی سطح پر مزید بات چیت کی ضرورت محسوس کی گئی جس کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مزید بات چیت ہوگی تاکہ ان امور کو حتمی شکل دی جاسکے۔
ایرانی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتِ ایران اس بات پر قائم ہے کہ لبنان میں اس وقت تک مکمل جنگ بندی نہیں ہوئی اور یہ کہ امریکا کی ذمہ داری ہےکہ وہ اسرائیل کو مجبور کرے کہ وہ اس وعدے کو پورا کرے اور ایرانی وفد یہ معاملہ مذاکرات کے کمرے میں موجود پاکستانی ثالث کے سامنے سنجیدگی سے اٹھا رہا ہے۔