پاکستان کے عوام کو سلام، امریکا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا: سربراہ ایرانی وفد

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وفد کے سربراہ سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کی منطق اور اصولوں کو سمجھ لیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ فیصلہ کریں ہمارا اعتماد حاصل کر سکتے ہیں یا نہیں؟

ایرانی سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے ایکس پر لکھا ہے کہ ایرانی وفد میں میرے ساتھیوں نے مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے تجاویز پیش کیں، مخالف فریق اس مرحلے میں ایرانی وفد کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے قبل اس بات پر زور دیا کہ ہمارے پاس ضروری حسنِ نیت اور ارادہ موجود ہے، لیکن گزشتہ دو جنگوں کے تجربات کی وجہ سے ہمیں مخالف فریق پر اعتماد نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایک نشست میں معاہدے کی توقع نہیں کرنی چاہئے، متعدد نکات پر اتفاق ہوا: ایران

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر محاذ کو، فوجی جدوجہد کے ساتھ ساتھ، اقتدار کی سفارت کاری کا ایک اور ذریعہ سمجھتے ہیں تاکہ ایرانی قوم کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے، اور ہم ایران کے قومی دفاع کے چالیس دنوں کی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں ایک لمحے کے لیے بھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ میں اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کا بھی شکر گزار ہوں جس نے ان مذاکرات کے عمل کو آسان بنانے میں کردار ادا کیا، اور میں پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔

یہ پڑھیں: ایران کے ساتھ کسی معاہدے پر نہیں پہنچ سکے: جے ڈی وینس، امریکی وفد واپس روانہ

انہوں نے کہا کہ ایران 9 کروڑ افراد پر مشتمل ایک قوم ہے، میں ایران کے تمام بہادر عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے رہبرِ اعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر اپنے بچوں کی حمایت کی اور ہمیں اپنی دعاؤں کے ساتھ روانہ کیا، اس پر میں ان کا ممنون ہوں، اور ان 21 گھنٹوں پر مشتمل سخت مذاکرات میں شریک اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں: شاباش، اللہ آپ کو قوت دے۔

انہوں نے ایکس پر آخر میں لکھا کہ زندہ باد اور ہمیشہ قائم رہے ہمارا پیارا ایران!

دوسری طرف پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا اور ایران جنگ بندی کے عزم پر قائم رہیں گے، دونوں ملک خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کےلیے مثبت سوچ سے آگے بڑھیں گے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی جانب سے پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیے جانے پر ان کے مشکور ہیں، امید ہے کہ امریکہ اور ایران امن کے لیے بات چیت کا عمل جاری رکھیں گے، پاکستان مذاکراتی عمل میں سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں