سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا آبنائے ہرمز کھلنے کا خیر مقدم
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے ایرانی اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عالمی بحری آمد و رفت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی جہازوں کے لیے کھولنا درست سمت میں ایک اہم قدم ہے، جس سے نہ صرف عالمی تجارت کو سہولت ملے گی بلکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے اور تمام فریقین کو اس اصول کی پاسداری کرنی چاہیے۔
انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سہولت کاری جاری مذاکرات کو مزید مضبوط بنائے گی۔
سیکرٹری جنرل کے مطابق جنگ بندی کے ساتھ یہ اقدام فریقین کے درمیان اعتماد سازی میں مدد دے سکتا ہے اور امید ہے کہ اس سے خطے میں امن کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔