پی ایس ایل 11: کنگزمین راولپنڈیز کو ہرا کر پلے آف مرحلے میں اِن، قلندرز آؤٹ

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے 39 ویں میچ میں حیدرآبادکنگزمین نے راولپنڈیز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز پلے آف مرحلے سے باہر ہوگئی۔

راولپنڈیز کی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دیے گئے 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 136 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

راولپنڈیز کی جانب سے عثمان خان 66 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیل کر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان26 اور سیم بلنگز 23 رنز بنا سکے جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

راولپنڈیز کے ڈیان فوریسٹر 6، سعد مسعود 5، آصف آفریدی اور عماد بٹ 3،3 جبکہ شاہزیب خان ایک رن ہی بنا سکے جبکہ کامران غلام، محمد عامر اور بین سیئرز کوئی رن بغیر ہی پویلین چلتے بنے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے حنین شاہ اور عاکف جاوید نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب4 اور 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی اور گلین میکسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244رنز بنائے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے گلین میکسویل70 رنز بنا کر نمایاں رہے، عثمان خان نے 54، معاذ صداقت نے 28، صائم ایوب نے 12 رنز بنائے جبکہ کپتان مارنوس لبوشانے 5 اور عرفان خان بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

کنگزمین کے کوشال پریرا نے 50 جبکہ حسان خان نے 16رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ عماد بٹ ، آصف آفریدی اور بین سیئرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں