ڈیزل فارمولا میں تبدیلی دباؤ کا نتیجہ نہیں، پٹرولیم ڈویژن، ریفائنریز میں معاہدہ ہو گیا: علی پرویز
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کا ڈیزل قیمت تعین فارمولا بارے اہم بیان سامنے آ گیا۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ڈیزل فارمولا میں تبدیلی کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں، پٹرولیم ڈویژن اور ریفائنریز کے درمیان رضاکارانہ معاہدہ طے پایا۔
انہوں نے کہا کہ ریسرچ ٹیم سے مشاورت کے بعد عبوری فارمولا تیار کیا گیا، ریفائنریز کو اپ گریڈ اور مکمل ڈی ریگولیشن کی طرف بڑھنا ہے، ریفائنریز کو عالمی سطح کے مطابق منصفانہ قیمت دینا ضروری ہے۔
وفاقی وزیرِ پٹرولیم کا کہنا تھا کہ قیمت کی ادائیگی سے مقامی ریفائنریز کو بھارتی ریفائنریز کے برابر لایا جا سکتا، مقصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداوار بڑھانا ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ زیادہ مسابقت سے صارفین کے مفادات کا تحفظ ممکن ہے، پاکستان کی معاشی بہتری کیلئے پالیسی تسلسل ضروری ہے، انہوں نے تنگ دل سیاست چھوڑ کر ملکی مفاد میں فیصلوں کی اپیل کی ہے۔