محسن نقوی کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن عمل کا جائزہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور عازمین حج و دیگر مسافروں کی امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محس نقوی نے ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ پروگرام کے تحت ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کیلئے قائم سعودی امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات بھی کی۔
روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت عازمین حج کو پاکستان کے ایئرپورٹ پر ہی سعودی امیگریشن کی تیز رفتار سہولت فراہم کی جا رہی ہے، عازمین حج نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
مسافروں اور عازمین حج کا کہنا تھا کہ امیگریشن کا عمل انتہائی آسان اور تیز رفتار رہا اور کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی، بین الاقوامی آمد پر تمام امیگریشن کاؤنٹرز فعال تھے اور بروقت سہولت فراہم کی گئی۔
وزیر داخلہ محس نقوی نے جوائنٹ سرچ چیک پوسٹ کا بھی جائزہ لیا اور سرچ سسٹم کو مزید مؤثر اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکیورٹی نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور سکیورٹی کو بیک وقت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مسافروں کو بلا تاخیر سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد بخاری اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔