گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کا اعلان

گلگت: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی ہدایت پر مختلف حلقوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کردیا گیا، مسلم لیگ ن نے گلگت، سکردو، ہنزہ، استور، دیامر، غذر اور کھرمنگ سمیت تمام اضلاع میں امیدوار نامزد کردیے۔

ذرائع نے بتایا کہ ضلع گلگت کے حلقوں میں شفیق الدین، حافظ حفیظ الرحمان اور محمد اقبال ، سکردو کے حلقوں میں محمد اکبر خان، امتیاز حیدر خان اور اجمل حسین کو ٹکٹ جاری ہوئے۔

اِسی طرح ہنزہ، کھرمنگ، شگر، استور اور دیامر کے حلقوں میں بھی لیگی امیدوار میدان میں اتار دیے گئے جب کہ نگر اور گانچھے کے دو دو حلقوں میں فی الحال ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

ن لیگی ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ، پارٹی خدمات اور مقامی مشاورت کی بنیاد پر کی گئی اور انتخابات میں بھرپور کامیابی کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔

دوسری جانب لیگی امیدواروں نے کہا کہ عوامی حمایت سے انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریں گے، گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات ترجیح ہوں گے۔

خیال رہے ٹکٹوں کے اعلان کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں