امریکا کا ایرانی تجارتی جہاز پر حملہ، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی، 4 لاپتہ
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ نے گزشتہ رات ایک ایرانی پرچم بردار تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی جبکہ 5 لاپتا ہو گئے، جن میں سے ایک کی لاش مل گئی ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حملہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ مکران کے قریب پیش آیا، جہاں میناب کے ساحلی پانیوں کے نزدیک ایک مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جہاز پر مجموعی طور پر 15 ارکان سوار تھے۔ زخمی ہونے والے 10 افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی 5 کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں اور مقامی حکام سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
نیوز ایجنسی کے مطابق گورنر میناب کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے کے بعد لاپتہ ہونے والے ایک ملاح کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ باقی ملاحوں کی تلاش کا عمل جاری ہے، ریسکیو ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ دیگر لاپتہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
دوسری جانب واقعے پر امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی، تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت اور جنگ بندی سے متعلق کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔