صورتحال پر گہری نظر، گزشتہ رات دشمن کی جارحیت کو پسپا کیا: اسماعیل بقائی

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ہم نے گزشتہ رات کی جارحیت کو ناکام بنادیا ہے۔

تہران میں میڈیا سے گفتگو میں اسماعیل بقائی نے گزشتہ رات کی گئی کارروائی کو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ترجمان نے ساتھ ہی کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، ایران کی سیکیورٹی فورسز نے پوری قوت سے جواب دیا، دشمن کو نقصان پہنچایا اور جارحیت کو پسپا کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بظاہر جنگ بندی برقرار ہے، اس کے باوجود ہماری مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں، صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، ضرورت پڑی تو پوری طاقت کے ساتھ کارروائی کی جائے گی۔

صحافی نے استفسار کیا کہ کیا ایران نے گزشتہ رات کے حملے کا جواب دیا؟ اس پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم نے جارحیت کو ناکام بنادیا ہے، ایرانی پرچم بردار آئل ٹینکروں پر حملے پر امریکا کی شدید مذمت کی۔

دوسری طرف ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق جمعہ کے روز آبنائے ہرمز میں ایرانی مسلح افواج اور امریکی بحری جہازوں کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری رہیں۔

امریکی فوج نے کہا کہ اس نے ایران سے منسلک مزید 2 جہازوں کو نشانہ بنایا، جو ایک ایرانی بندرگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، ایک امریکی لڑاکا طیارے نے ان جہازوں کی چمنیوں کو نشانہ بنایا اور انہیں ایران میں داخل ہونے سے روک دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں