امریکا روس تعلقات میں بہتری صرف بیانات تک محدود ہے: سرگئی لاوروف
ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے روس کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کو ماسکو نے مثبت قرار دیا، تاہم امریکا اور روس کے تعلقات میں بہتری کے دعوؤں کے باوجود عملی سطح پر کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔
اپنے ایک تازہ انٹرویو میں سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق مثبت بیانات ضرور دیے گئے، لیکن اب تک ان کا کوئی عملی نتیجہ نہیں نکلا۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی پالیسی اب بھی سابق امریکی صدر جوبائیڈن کے دور کے مطابق چل رہی ہے اور اس وقت عائد پابندیاں بدستور برقرار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے بھی روسی معیشت کے خلاف نئے اقدامات کیے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی امیدیں تاحال حقیقت کا روپ نہیں دھار سکیں۔