ایرانی مشن نے امریکی حمایت یافتہ قرارداد مضحکہ خیز، گمراہ کن قرار دے دی
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے آبنائے ہرمز میں ایران کے اقدامات پر پابندیوں کی دھمکی دینے والی امریکی حمایت یافتہ مجوزہ قرارداد کو مضحکہ خیز اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایرانی مشن کی جانب سے کہا گیا کہ واشنگٹن کی یہ کوشش کہ قرارداد کے شریک ممالک کو وسیع عالمی حمایت کی علامت کے طور پر پیش کیا جائے بالکل مضحکہ خیز اور گمراہ کن ہے۔
بیان کے مطابق زبردستی شامل کیے گئے شریک ممالک واشنگٹن کے ایران کے خلاف جاری بین الاقوامی طور پر غیر قانونی اقدامات کو جائز نہیں بنا سکتے۔
ایرانی مشن کا کہنا تھا کہ ان اقدامات میں سمندری ناکہ بندی، ایرانی تجارتی جہازوں پر حملے اور ان کی غیر قانونی ضبطی اور ان کے عملے کو یرغمال بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں، جو قزاقی سے مشابہت رکھتے ہیں۔