گورنر خیبرپختونخوا کا سہیل آفریدی سے رابطہ، لاک ڈاؤن کے خاتمے کی تجویز دی
پشاور:(دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورپنجاب کی طرز پر لاک ڈاؤن کے خاتمے کی تجویز پیش کی۔
ذرائع کے مطابق اپنی گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو استثنیٰ دینے کی تجویز دی جب کہ سہیل آفریدی نے تجاویز سے اتفاق کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقاتِ کار میں نرمی سے تاجر برادری کا مالی نقصان کم ہوگا، عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کی بحالی سے صوبے کی معیشت کو استحکام ملے گا، تاجر برادری کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے، حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کے ساتھ صوبے کی مجموعی صورتِ حال اور عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
دوسری جانب دونوں رہنماؤں نے عوامی سہولت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔