نوجوان دِکھنے والا ادھیڑ عمر چینی اداکار سوشل میڈیا پر وائرل
بیجنگ: (ویب ڈیسک) نوجوان دِکھنے والے 40 سالہ چینی اداکار ہُو شیانگ اہلیہ کے ساتھ تصویر وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہُو شیانگ کی پیدائش پری میچور تھی کیونکہ اُن کی والدہ حمل کے دوران غذائی کمی کا شکار رہی تھیں، بچپن سے ہی وہ اپنی عمر کے بچوں کے مقابلے میں چھوٹے دکھائی دیتے تھے، لیکن تقریباً 9 سال کی عمر میں اُن کی جسمانی نشوونما تقریباً رک گئی، اور پھر وہ ساری زندگی ایک کم عمر لڑکے جیسے نظر آنے لگے۔
اپنی بالغ زندگی کے بیشتر حصے میں لوگ انہیں ایک سکول کے بچے یا ٹین ایجر سمجھتے رہے اور اکثر پوچھتے تھے کہ وہ کس سکول میں پڑھتے ہیں، لیکن ہُو شیانگ نے ان باتوں کو اپنی منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔
خاندان کی بھرپور حمایت سے انہوں نے اداکاری کا میدان اپنایا اور 2005ء میں مشہور سِٹ کام ہوم وِد کڈز میں ایک پرائمری سکول کے طالبعلم کا کردار ادا کر کے شہرت حاصل کی، اُس وقت اُن کی عمر 19 سال تھی۔
بعد ازاں ہُو شیانگ نے سٹیپ فادر، چوانگ گوانگڈونگ اور ٹَنل وار فیئر جیسے مقبول ڈراموں میں بھی کام کیا، جہاں انہوں نے زیادہ تر کم عمری والے کردار نبھائے۔