منشیات فروش مافیا کیخلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کی فہرست منظرعام پر
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں آن لائن منشیات بیچنے والی مافیا کیخلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کی مرتب کردہ فہرست منظر عام پر آگئی۔
جاری کردہ نرپورٹ میں انمول عرف پنکی کا نام بھی شامل ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ساوتھ کے درخشاں تھانے کی حدود میں انمول عرف پنکی بڑے پیمانے پر آن لائن منشیات کا کاروبار کرتی ہے۔
ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کے علاوہ آن لائن نشے کا دھندا کرنے والے 70 منشیات فروشوں نے شہر میں موجودگی کا انکشاف کیا ہے، کراچی کے 7 ڈسٹرکٹ میں سوشل میڈیا، موبائل فون اور واٹس ایپ کے ذریعے منشیات کے کاروبار عروج پر ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق آن لائن منشیات فروخت کرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ساوتھ کے صدر تھانے کی حدود میں سمیرہ عرف بے بی آن لائن منشیات کا بڑا نیٹ ورک چلارہی ہے، ڈسٹرکٹ کیماڑی کے سائٹ اے تھانے کی حدود میں 2 خواتین لال جان اور مہرالنساء عرف بیبل آن لائن منشیات کا کاروبار کررہی ہیں۔
فہرست میں مزید بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ساوتھ میں آن لائن منشیات فروخت کرنے والے 45 ڈیلر سرگرم ہیں، ڈسٹرکٹ سٹی میں 3 منشیات ڈیلر آن لائن دھندا کررہے ہیں، ڈسٹرکٹ ملیر میں 2،ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 5 ،ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 4 ڈیلر آن لائن منشیات فروخت کررہے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ کیماڑی میں 4 جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 7 منشیات ڈیلر آن لائن منشیات کا کاروبار کررہے ہیں۔
منشیات ڈیلرز میں دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے منشیات فروش بھی شامل ہیں، منشیات فروش سکول، کالج اور یونیورسٹیز میں آئس کرسٹل اور ویڈ سپلائی کرتے ہیں۔