پنجاب بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن شروع
لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا سپیشل آپریشن کلین اپ شروع کر دیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ خود نگرانی کر رہی ہیں۔
صوبہ بھر میں جاری صفائی آپریشن کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ پہلی مرتبہ 8 مختلف ذرائع اور اداروں سے صفائی کی براہِ راست رپورٹنگ کا مؤثر نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز اور سسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور صفائی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور اور ساہیوال سمیت مختلف اضلاع میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ٹیمیں متحرک ہیں، علی الصبح مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں، بازاروں، سڑکوں اور گلی محلوں کی خصوصی صفائی کی گئی جبکہ عیدگاہوں اور مساجد جانے والے راستوں کو دھو کر چونے سے مارکنگ بھی کی گئی۔
ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور سسٹنٹ کمشنرز مختلف علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔
حکومت پنجاب کے مطابق گلیوں اور بازاروں میں آلائشیں اور باقیات پھینکنے کی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 50 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے، صفائی کے بعد علاقوں کو فنائل سے دھو کر عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔
صوبے کی 4 ہزار یونین کونسلوں میں ”ستھرا پنجاب“ کے کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ورکرز خصوصی صفائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، عید آپریشن کیلئے مزید 8 ہزار ورکرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔
صفائی مہم کیلئے ” ستھرا پنجاب“ کی 40 ہزار سے زائد گاڑیاں متحرک ہیں جبکہ مزید 12 ہزار لوڈر رکشے بھی ہائر کیے گئے ہیں، چھوٹی یونین کونسل میں 2، درمیانی میں 3 اور بڑی یونین کونسل میں 4 لوڈر رکشے آلائشیں اٹھانے کیلئے تعینات کیے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے سوا کروڑ ماحول دوست بیگز گھر گھر فراہم کیے گئے ہیں جبکہ ان بیگز کی فراہمی کیلئے مختلف مقامات پر خصوصی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
شہری صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کیلئے 1139 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عوامی شکایات کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔