امریکا سے معاہدہ قومی حقوق کے تحفظ سے مشروط ہے: باقر قالیباف

تہران: (دنیا نیوز) سپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اپنے قومی حقوق اور عوامی مفادات کے تحفظ کے بغیر امریکا کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کرے گا۔

سپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی عوام کے مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور امریکا کے زبانی وعدوں اور دعوؤں پر بالکل بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیاں ملکی بحالی، معاشی استحکام اور ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ دشمن اپنی شکست کا بدلہ معاشی دباؤ، نفسیاتی حربوں اور میڈیا مہمات کے ذریعے لینا چاہتا ہے، تاہم ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کی تمام کوششیں محض ایک وہم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑی ہے جس پر آنے والی نسلیں فخر کریں گی، جبکہ عوام کی جرات، استقامت اور باہمی اتحاد ہی دشمن کی پسپائی کا اصل راز ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں