محکمہ تعلیم سندھ نے بجٹ تجاویز حکومت کو ارسال کر دیں

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ تعلیم سندھ نے اپنی بجٹ تجاویز حکومت کو ارسال کر دیں۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری جاری ہے، تاہم عالمی اور علاقائی صورتحال کے باعث تعلیم کے شعبے میں بڑے مالی اضافے کے امکانات محدود دکھائی دے رہے ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کے حکام کے مطابق عالمی دنیا میں جنگی صورتحال کے باعث ملکی معیشت دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے جس کے اثرات آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بھی مرتب ہونے کا خدشہ ہے، اسی وجہ سے تعلیم کے بجٹ میں نمایاں اضافے کی توقع کم ہے۔

وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ تعلیم کے موجودہ بجٹ میں کٹوتی نہ کی جائے تاکہ جاری تعلیمی سرگرمیاں اور منصوبے متاثر نہ ہوں، امید ہے کہ گزشتہ مالی سال کے برابر بجٹ 425 ارب روپے برقرار رکھا جائے گا۔

محکمہ تعلیم کے مطابق مجموعی بجٹ کا تقریباً نوے فیصد حصہ ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات پر خرچ ہو جاتا ہے جس کے باعث ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی اصلاحات کے لئے محدود وسائل بڑا مالی چیلنج ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ نے نئے مالی سال کے لیے اپنی ترجیحات طے کر لی ہیں۔ اخراجات کے باوجود خاطر خواہ نتائج نہ دینے والے پرانے منصوبے ختم کرنے کی تجویزجبکہ مؤثر اور اہم منصوبوں پر زیادہ توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کی ارسال کی گئی جامع بجٹ تجاویز جن میں تعلیمی معیار کی بہتری، انفرااسٹرکچر اور دیگر اہم شعبوں کے لئے سفارشات شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں