چیئرمین سینیٹ سے گورنر کے پی کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور خیبرپختونخوا کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کو درپیش مختلف انتظامی، معاشی اور عوامی مسائل سے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔

انہوں نے خصوصاً خیبرپختونخوا میں گندم کی ترسیل اور بین الصوبائی نقل و حمل میں حائل رکاوٹوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ گندم کی بندش سے صوبے کے عوام، کسانوں اور کاروباری حلقوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کے حل کے لیے وفاقی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور صوبے کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام آئینی و جمہوری فورمز کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے صوبے میں امن و امان، روزگار کے مواقع، بنیادی سہولیات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خیبرپختونخوا کے مسائل کے حل میں اپنی مکمل دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کے حقوق کے لیئے سیاسی قیادت کا اتحاد انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے صوبہ میں گندم کی فراہمی پر بندش کے خاتمہ اور سی این جی سٹیشنز کی بندش کے خاتمہ حوالہ سے گورنر کے کردار کو سراہا اور کہا وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت کے ذریعے عوامی مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے، جمہوری اداروں کے استحکام اور پارلیمانی روایات کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں