آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال، سول آرمڈ فورسز اور پولیس بھجوانے کا فیصلہ

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سول آرمڈ فورسز اور پولیس بھجوانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے1 ہزار پنجاب رینجرز اور 2 ہزار فرنٹیئر کانسٹیبلری آزاد کشمیر جائے گی ، اسلام آباد پولیس کی 2 ہزار نفری اور سندھ پولیس کی 1 ہزار نفری بھی آزاد کشمیر جائے گی۔

کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9 جون کو ہڑتال کی کال دینے پر آزاد کشمیر حکومت نے اہم سفری ایڈوائزری بھی جاری کر دی، سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔

آج 5 جون سے 20 جون تک آزاد کشمیر میں داخلے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کر دی گئی، حکومت نے سیاحت اور دیگر مقاصد کے لئے آزاد کشمیر آنے والوں کو سفر مؤخر کرنے کا مشورہ دے دیا۔

حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ احتجاجی صورتحال کے پیش نظر آزاد کشمیر آنے سے اجتناب کیا جائے، آزاد کشمیر میں موجود سیاحوں اور زائرین کو 5 جون کی شام تک واپسی کی ہدایت کر دی گئی۔

حکومت نے سیاحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچنے کے لئے ریاست چھوڑ دیں، احتجاجی کال کے پیش نظر آزاد کشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں پر اثرات کے خدشات ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ سیاحوں اور مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، حکومت نے پیشگی احتیاطی تدابیر کی ہیں، ممکنہ احتجاج اور عوامی نقل و حرکت میں رکاوٹوں کے پیش نظر خصوصی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر حکومت نے ملک بھر کے سیاحوں اور مسافروں کو پیشگی خبردار کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں