ایران جنگ کیلئے حکومت کے پاس امریکی عوامی حمایت محدود قرار، سروے

واشنگٹن: (دنیا نیوز) نئے سروے میں یہ بات سامنت آئی ہے کہ ایران جنگ کیلئے ٹرمپ انتظامیہ کے پاس امریکی عوامی حمایت انتہائی محدود ہے۔

امریکہ میں کیے گئے ایک حالیہ سروے کے مطابق ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کو امریکی ووٹروں کی وسیع حمایت حاصل نہیں، بڑی تعداد اس تنازع کو امریکی مفادات کیلئے نقصان دہ سمجھتی ہے۔

یہ سروے میری لینڈ یونیورسٹی، اِپسوس اور بروکنگز ادارے کی جانب سے کیا گیا، جس میں 15 سے 21 مئی کے درمیان ایک ہزار 3 سو ستتر بالغ امریکیوں سے رائے لی گئی۔

سروے کے نتائج کے مطابق 56 فیصد شرکا کا کہنا تھا کہ اب تک یہ جنگ امریکہ کے اندرون ملک اور بیرون ملک مفادات پر مثبت کے مقابلے میں زیادہ منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔

سیاسی وابستگی کے اعتبار سے رائے میں نمایاں فرق دیکھا گیا، 88 فیصد ڈیموکریٹ حامیوں نے جنگ کو امریکہ کیلئےنقصان دہ قرار دیا جبکہ ریپبلکن حامیوں میں 33 فیصد افراد نے بھی یہی مؤقف اختیار کیا۔

ایک اور سوال میں شرکاء سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ جنگ جیت چکا ہے یا جیت رہا ہے؟ اس پر صرف 16 فیصد افراد نے اثبات میں جواب دیا۔

ریپبلکن ووٹروں میں 39 فیصد کا خیال تھا کہ امریکا کامیابی کی جانب بڑھ رہا ہے یا کامیاب ہو چکا ہے، جبکہ ڈیموکریٹ ووٹروں میں یہ شرح صرف ایک فیصد رہی۔

سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے امریکی عوام میں شکوک و شبہات موجود ہیں اور اس کی عوامی حمایت محدود دکھائی دیتی ہے، خصوصاً ڈیموکریٹ ووٹروں کے درمیان۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں