اسرائیل کی مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائی، 18 سالہ فلسطینی نوجوان شہید

غزہ: (دنیا نیوز) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائی، 18 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں رام اللہ کے مشرق میں گاؤں پر اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ حيثم عزالدین کے نام سے کی گئی ہے۔

عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران براہ راست گولیاں چلائیں، دھماکہ خیز گرنیڈ استعمال کئے اور زہریلی گیس کے کنستر بھی فائر کیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائر کئے گئے گیس کنستروں کے نتیجے میں گاؤں کے وسط میں واقع زرعی اراضی میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے کھیتوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔

وفا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جاں بحق نوجوان کی میت بھی اپنے قبضے میں لے لی ہے اور اسے اہل خانہ کے حوالے نہیں کیا گیا۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں حالیہ مہینوں کے دوران اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور چھاپوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان اور کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں