پاکستان کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ میں بڑی تبدیلیاں متوقع
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ کے مستقبل کے حوالے سے آئندہ چند روز میں اجلاس طلب کئے ہیں، جس میں کرکٹ ٹیم کے انتظامی ڈھانچے میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور اور اہم اعلانات بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والے اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے، جن میں قومی کرکٹ کے انتظامی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے اجلاس کے ایجنڈے سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی، کوچنگ سٹاف اور کرکٹ ڈھانچے میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی جانب سے نئے انتظامی سیٹ اپ میں سابق قومی کپتانوں کو نمایاں کردار دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
سابق کپتان یونس خان قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں، اطلاعات ہیں کہ انہیں قومی سلیکشن کمیٹی میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے جہاں وہ ٹیم کی تشکیل اور کھلاڑیوں کے انتخاب میں اہم کردار ادا کریں گے۔
محمد حفیظ کو بھی پی سی بی میں اہم ذمہ داری سونپے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، انہیں ڈائریکٹر آف انٹرنیشنل کرکٹ مقرر کیا جا سکتا ہے جبکہ سلیکشن پینل میں بھی ان کی شمولیت زیرِ غور ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے موجودہ کپتان شان مسعود اور ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کو ذمہ داریوں سے فارغ کیا جا سکتا ہے، شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سرفراز احمد کے حوالے سے یہ رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ اگر ان سے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری لے گئی، تب بھی وہ مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ کے ساتھ وابستہ رہیں گے اور ممکنہ طور پر پاکستان شاہینز کے ساتھ وابستہ رہیں گے۔