یوٹیوب کا اپنے صارفین کیلئے دلچسپ میسجنگ فیچر متعارف

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) یوٹیوب نے آزمائشی مرحلے کے بعد اپنا نیا اِن ایپ میسجنگ فیچر بڑے پیمانے پر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو پلیٹ فارم کے اندر ہی ویڈیوز پر براہِ راست گفتگو کا موقع فراہم کرنا ہے۔

  نئے فیچر کے تحت یوٹیوب ایپ کے اوپری دائیں کونے میں ایک نیا میسجنگ آئیکن شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ویڈیوز، شارٹس اور لائیو اسٹریمز شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ ون ٹو ون چیٹ بھی کر سکیں گے۔

تاہم اس فیچر میں ایک خاص حفاظتی اور کنٹرول سسٹم رکھا گیا ہے جس کے مطابق کسی بھی صارف سے براہِ راست گفتگو شروع کرنے کے لیے پہلے اسے ایک دعوتی لنک بھیجنا ہوگا۔

یہ لنک سات دن تک کارآمد رہے گا اور اسے واٹس ایپ یا کسی بھی دوسری تھرڈ پارٹی چیٹ ایپ کے ذریعے شیئر کیا جا سکے گا، اس کا مقصد اجنبی افراد کے بجائے دوستوں اور فیملی کے درمیان رابطے کو آسان بنانا ہے۔

یوٹیوب کے مطابق گزشتہ سال اس فیچر کی آزمائش کے دوران صارفین کی جانب سے اس کی بھرپور مانگ کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ کمپنی نے 2019 تک اسی نوعیت کی میسجنگ سروس فراہم کی تھی، جسے بعد ازاں بند کر دیا گیا تھا۔

مزید برآں نئے نظام میں جب کوئی صارف دعوتی لنک پر کلک کرے گا تو اسے ’’الاؤ میسجنگ‘‘یا ’’ناٹ ناؤ‘‘ کا آپشن دیا جائے گا، اسی وجہ سے یہ فیچر ایک مکمل سوشل چیٹ پلیٹ فارم کے بجائے زیادہ تر ویڈیوز شیئر کرنے اور ان پر گفتگو تک محدود رکھا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں