گھوٹکی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نوجوان قتل، ورثا کا قومی شاہراہ پر احتجاج

گھوٹکی: (دنیا نیوز) تھانہ سرحد کی حدود میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر کامران میمن کو گولیاں مار دیں، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔

زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

واقعے کے خلاف مقتول کے ورثا اور اہلِ علاقہ نے لاش قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا اور کرنل موڑ پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری، علاقے میں امن و امان کی بحالی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں